بلاول بھٹو زرداری کل شام پاکستان کے مختلف بڑے شہروں سمیت آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پارٹی عہدیداروں ، کارکنوں، ووٹرز سپورٹرز سے خطاب کرینگے

 
0
36630

مظفرآباد نومبر 20(ٹی این ایس) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فرزند بلاول بھٹو زرداری کل شام پاکستان کے مختلف بڑے شہروں سمیت آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پارٹی عہدیداروں ، کارکنوں، ووٹرز سپورٹرز سے خطاب کرینگے ۔اس سلسلہ میں جملہ انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔مظفرآباد میں اپر اڈاہ کے مقام پر یونیورسٹی گرائونڈ کے سامنے ہولو گرام کے ذریعے 5بجے خطاب کرینگے ،ہولو گرام کی جدید ٹیکنالوجی کا ٹریلہ مظفرآباد پہنچ گیا۔

گزشتہ روز انتظامات اور تیاریوں کے سلسلہ میں پیپلزسیکرٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے کہا کہ پانچ دسمبر کا پریڈ گرائونڈپر ہوے والے ملک گیر نظریاتی اجتماع میں آزاد کشمیر کے سرفروش کارکن ہر اول دستے کی طرح پارٹی کے بازوئے شمشیر زن کا کردار ادار کرینگے ۔2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروںکی کامیابی مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے مکمل آزادی ، پاکستان سے دہشت گردی ، لاقانونیت ، انتہا ء پسندی ، فرقہ وارریت ، صوبائی تعصب ، لسانی تضاد ،توانائی کے بحران کو ختم کرنے کی خشت اول ثابت ہو گی جس کی کوہ ہمالیہ جیسی فلک بوس عمارت بلاول بھٹو کو وزارت عظمیٰ کی صورت میں ملنے کے بعد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میںراہبرکی طرح شامل ہو کر عالمی تاریخ مرتب کرئے گا ۔قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے انقلابی ،ترقی پسند ، روشن خیال نظریات ،پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں 5 دسمبر کو ظالموں اور مظلوموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہوگا ، شہیدوں کے وارث یہ عوامی عدالت جیت کر استحصال سے پاک معاشرہ قائم کر کے رہیں گے ۔

شوکت جاوید نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلام ہمارا دین ،سوشل ازم ہماری معیشت ،طاقت کا سرچشمہ عوام ،جمہوریت ہماری سیاست ، شہادت ہماری روا ئت جیسے عالمی ،انقلابی ،ترقی پسند ، پانچ رہنما اصولوں کے مطابق 20 کروڑ سے زائد عوام کو آزادانہ انداز میں زندگیاں بسر کرنے کا موقع فراہم کیا جائے یہی شہید بھٹو ازم اور یہی شہید بے نظیر مشن کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔آج شام 5 بجے جیالے ،نظریاتی کارکن اور جمہوریت پسند عوام پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے کے لئے اپر اڈاہ جمع ہو کر جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں جو ملک اور قوم کے لئے تازہ آکسیجن کی مانند ثابت ہو گا ۔اجلا س سے پارٹی رہنمائوں سید مجاز شاہ،سردار مبارک حیدر، مفتی فضل رسول طاہر ، پرویز مغل ایڈووکیٹ ، اسد حبیب اعوان ، شوکت راٹھور ، رشید کھوکھر ، شاہنواز فاروقی ، دانیال قریشی ، سردار دانش ، فاروق مغل ، فاروق میر ،طارق حمید قریشی ، امجد مغل ، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کاوقارصرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے جس کی تاریخی مثال اس کی قیادت کی چار نسلوں کا خون ناحق ہے ۔