الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میںپی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کوآئندہ سماعت پر طلب کرلیا

 
0
407

اسلام آبادنومبر 21(ٹی این ایس) الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میںپی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا ۔منگل کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ سماعت پر اکبر ایس بابر اور ان کے وکیل احمد حسن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔وکیل احمد حسن نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ جواب جمع کرائیں گے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرا دیا جائے گا ۔ اسلام آبا د ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت 5دسمبر کو ہو گی ،وکیل احمد حسن نے کہا کہ یہ اگلی تاریخ پر بھر جواب جمع نہیں کرائیں گے اور کو ئی بہانہ بنائیں گے ان کا یہی رویہ رہا ہے ،ممبر کے پی کے الیکشن کمیشن نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ایک درخواست آئی ہے جس میں تمام جماعتوں کی فارن فنڈنگ کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کا کہا گیا ہے۔ممبر بلوچستان شکیل بلوچ نے کہا کہ آپ علیحدہ سے تمام سیاسی جماعتوں کے فارن فنڈز کی تفصیلات سے متعلق پیٹیشن دائر کریں۔وکیل احمد حسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس سردار اظہر اور فنانس مینیجر کو آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن آنے کا پابند کیا جائے ۔ جس پر الیکشن کمیشن نے سیکرٹری فنانس پی ٹی آئی کو اگلی سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔