عہدیداران 30 نومبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقعے پر اپنے اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں،بلاول بھٹو زرداری

 
0
337

کراچی نومبر 22(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 نومبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقعے پر اپنے اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں۔ جاری کردہ ہدایات میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں ضلعی سطح پر پارٹی کا یوم تاسیس شایان شان طریقے سے منایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ جیالے ضلعی سطح پر ہونے والے پروگراموں میں بھرپور شرکت کر کے پارٹی اور اس کے مشن سے تجدید عہد وفا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہزاروں جیالوں نے پارٹی مشن کے لیئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں 5 دسمبر کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا اور کارکنان اس تاریخی پروگرام میں شرکت کے لیئے اسلام آباد پہنچیں۔