برسبین نومبر 27(ٹی این ایس) ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ۔
کھیل کے پانچویں روز میزبان ٹیم کی جانب سے بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 170رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بین کرافٹ نے82 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔سٹیو سمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا -چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 114 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 195 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولرز کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔مہمان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں جو روٹ نے 51، بیر سٹو نے 42 اور معین علی نے 41 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک، ہیزل وڈ اور نیتھن لیون نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ اور شان مارش نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 328 رنز بنا کر آٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی خاص بات کپتان سٹیو سمتھ کی شاندار سنچری تھی۔انہوں نے 14 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں کرس براڈ نے تین، جیمز اینڈرسن نے دو اور معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کی ٹیم گزشتہ ایشزیز سیریز کی فاتح رہی تھی۔