موبائل فون کمپنیاں حکومت کو 400ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ادا نہیں کرتیں ‘ چیئرمین نیب

 
0
352

اسلام آباد نومبر 27(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی موبائل فون کمپنیاں مبینہ طور پر رپورٹس کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکومت پاکستان کو تقریبا 400ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ادا نہیں کرتیں جس کی وجہ سے قومی خزانے میں ہر سال تقریبا 400 ارب روپے جمع نہیں کروایا جا رہا بلکہ فیڈرل بورڈ آف یونیو کی کارکردگی خصوصا ٹیکس وصولی کے نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے مگر ہمیں اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے قانون کے مطابق ٹیکس وصول کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے 7 علاقائی بیوروز ہیں جن کے انچارج متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز ہیں جن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کی بدعنوانی سے متعلقہ تمام شکایات کا نہ صرف قانون کے مطابق ازالہ کیا جا رہا ہے بلکہ شکایت کنندگان کو ان کی شکایات کے متعلق بروقت آگاہ کیا جارہا ہے۔ایک مرتبہ قانون کے مطابق انکوائری / انوسٹی گیشن ہونے کے بعد قانون کے برخلاف کھولنے اور کسی بے گناہ کو بار بار نیب میں بلانے اور مبینہ طور پرہراساں کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔