بہانے بازی چلے گی نہ تساہل ،جو افسر کام نہیں کریں گے وہ گھر جائیں گے‘شہبازشریف

 
0
409

لاہور نومبر 27(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہ ہوا ،جس میں لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ و ز یر ا علیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر پاکستان کا دل ہے اوراس شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے ہیں اور یہ وسائل شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے مہیا کئے گئے ہیں کیونکہ شہریوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ان کا حق ہے اور یہ ذمہ داری متعلقہ محکموں اور اداروں نے جانفشانی اور جذبے کیساتھ سرانجام دینی ہے تاکہ شہریوں کوبہترین خدمات اورسہولتیں میسر ہوں۔

وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کیساتھ جڑے ہوئے دیگر کاموں کیلئے وضع کردہ ماڈل پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیااور کہا کہ اب کام اس طرح نہیں چلیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں عوام کو جوابدہ ہوں۔شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا جائے اور نتائج دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو انتظامی سپورٹ فراہم کی ہے لیکن کام کرنا ان اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے۔میںآئندہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ جو افسر کام نہیں کریں گے وہ گھر جائیں گے۔ اب بہانے بازی چلے گی نہ تساہل، سب کو کام کرکے دکھانا ہوگا اور عوام کو بہترین سہولتیں مہیا کرنے کے لئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں قابل عمل اور موثر پلان بنا کر پیش کیا جائے۔ رکن پنجاب اسمبلی رمضان صدیق بھٹی، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈپٹی میئر اعجاز حفیظ، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔