اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو عوام دوست ہونا پڑے گا،احسن اقبال

 
0
355

اسلام آباد نومبر 30(ٹی این ایس): وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی ہے کہ تمام تھانے ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر قائم کریں اور تھانے میں آنے والے ہر شہری کی فوری دادرسی کی جائے، اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو عوام دوست ہونا پڑے گا۔ جمعرات کو وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے مختلف تھانو ں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ تھانہ رمنا، تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ کوہسار گئے۔

احسن اقبال نے تھانوں کے رپورٹنگ روم کا جائزہ لیا اور روزنامچے چیک کیے۔ تھانوں کے رپورٹنگ روم کے عملے نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی ۔ وزیر داخلہ نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ نے تھانہ رمنا کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے عمارت کو جلد از جلد تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ پولیس عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے اور تھانے میں آنے والے ہر شہری کی فوری دادرسی کی جائے۔ انہوں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں ماڈل کمیونٹی سنٹر کی تعمیر میں تاخیر پر متعلقہ افسروں کی سرزنش کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام تھانے ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر کا قیام عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں، اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو عوام دوست ہونا پڑے گا۔