امریکہ کی پاکستانی امداد میں کمی ،سرحدی نگرانی متاثرہونے کا خدشہ

 
0
366

واشنگٹن نومبر 30(ٹی این ایس) امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی معاشی اور فوجی امداد کے حوالے سے کانگریس کی رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ امریکا کی پاکستانی امداد میں کمی افغانستان میں سرحد پار دہشت گردی خو ختم کرنے کے لیے واشنگٹن کی خواہش کو متاثر کر سکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کانگریس ریسرچ سروس ( سی آر ایس ) کی رپورٹ میں بتایاگیاکہ پاکستان کے لیے امریکی اقتصادی اور فوجی امدادنائن الیون کے بعد دو ارب 20 کروڑ ڈالر سالانہ سے کم ہو کر 35 کروڑ ڈالر سالانہ رہ گئی۔تاہم سب سے زیادہ متاثر کوالیشن سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) ہوا، جو پاکستان کو 2200 کلو میٹر طویل افغان بارڈر کی مانیٹرنگ کے لیے دیا جاتا ہے، پاکستان نے افغان سرحد پر طالبان عسکریت پسندوں کی نقل و حمل دیکھنے کے لیے ہزاروں فوجی تعینات کیے ہوئے ہیں۔

واشنگٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان ان لوگوں کے خلاف کامیاب رہا جنہوں نے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن سرحد پار سے امریکا اور افغان فورسز پر حملہ کرنے والے افغان طالبان سے لڑنے میں پاکستان نے زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی جبکہ پاکستان نے امریکا کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور افغان طالبان کو نشانہ بنا رہا ہے۔پاکستان کے جواب سے مطمئن نہ ہونے پر امریکا نے سی ایس ایف کے ذریعے رقم کی ادائیگی کے لیے شرائط لاگو کردیں، جس کے مطابق اگر پاکستان مکمل رقم چاہتا ہے تو اسے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔2015 میں امریکی کانگریس نے پاکستان کو سی ایس ایف کی مد میں اضافی طور پر ایک ارب ڈالر تک کی اجازت دی، جس میں سے 30 کروڑ ڈالر حقانی نیت ورک سے متعلق تھے، جس کے لیے سرٹیفکیشن ضروری تھا اور اسے انتظامیہ ختم نہیں کرسکتی تھی۔2016 میں کانگریس نے 90 کروڑ ڈالر منظور کیے جس میں 35 کروڑ ڈالر مشروط تھے جبکہ 2017 میں مزید 90 کروڑ ڈالر منظور کیے جس میں 40 کروڑ مشروط رکھے گئے تھے۔2018 کے لیے کانگریس نے 70 کروڑ ڈالر مزید منظور کیے ہیں جس میں سے 35 کروڑ ڈالر مشروط ہیں جبکہ 2015 یا 2016 میں انتظامیہ کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا کہ پاکستان کے حقانی نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ، اس کے علاوہ 2017 کے حوالے سے سرٹیفکیٹ ابھی زیر التوا ہے۔سی ایس آر رپورٹ کے مطابق 2002 سے 2011 کے درمیان امریکا نے کل 22 ارب 14 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کی جس میں معاشی معاونت فنڈز، غیر ملکی فوجی امداد، سی ایس ایف کی ادائیگی اور انسداد دہشت گردی کے فنڈز شامل تھے۔اس میں 8 ارب 80 کروڑ کی رقم سی ایس ایف فنڈ سے شامل تھی جبکہ 5 ارب 70 کروڑ سیکیورٹی سے متعلق امداد تھی۔