بی سی سی آئی کا انٹرنیشنل میچز میں سچن ٹنڈولکر کی 10 نمبر کی جرسی کو غیر رسمی طور پر ریٹائر کرنے کا فیصلہ

 
0
278

نئی دہلی نومبر 30(ٹی این ایس) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل میچز میں 10 نمبر کی جرسی کو غیر رسمی طور پر ریٹائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔یہ وہی جرسی ہے جسے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر پہنا کرتے تھے اور اسے پہن کر انہوں نے اپنے کیریئر کے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔نومبر 2013ء میں سچن ٹنڈولکر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا 24 سالہ کیریئر اختتام پذیر ہوا تھا،

انہوں نے 10 نمبر کی یہ جرسی آخری مرتبہ مارچ 2012ء میں پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران پہنی تھی۔اس کے بعد 5سال تک یہ جرسی کسی نے نہیں پہنی اور پھر ممبئی کے فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر نے گذشتہ برس اگست میں کولمبو میں اپنے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کے لیے 10 نمبر کی جرسی کا انتخاب کیا۔تاہم اس پر ٹھاکر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لوگوں کا کہنا تھا کہ ٹھاکر 10 نمبر کی جرسی پہن کر سچن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔مذکورہ جرسی پہننے پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ٹھاکر نے اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 54نمبر کی جرسی پہنی۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس جرسی کو پہننے کی وجہ سے غیر ضروری تنازع کھڑا ہوتا ہے اور کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، لہذا بہتر یہی ہے کہ 10 نمبر کی جرسی کو غیر رسمی طور پر ریٹائر کردیا جائے۔مذکورہ عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ کھلاڑی اسے انڈیا اے ٹیم کے میچز کے دوران یا ڈومیسٹک میچز کے دوران پہن سکتے ہیں لیکن انٹرنیشنل میچز کے دوران اسے پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں بھارتی ٹیم کے ٹاپ کھلاڑیوں سے بات کی اور انہوں نے اس پر اتفاق کیا کہ 10نمبر کی جرسی کو ریٹائر کردینا چاہیے۔واضح رہے کہ ممبئی انڈینز نے 2013ء میں سچن ٹندولکر کی ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 10نمبر کی جرسی کو ریٹائر کردیا تھا۔یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کسی ٹیم نے کسی مخصوص نمبر کی جرسی کو ریٹائر کیا ہو، ماضی میں متعدد فٹبال کلبز بھی ایسا کرچکے ہیں۔