0
5127

اسلام آبادنومبر 30(ٹی این ایس) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ میزائل ٹیکنالوجی نگراں گروپ (ایم ٹی سی آر)کی رکنیت کے بعد بھارت کی جانب سے کروز میزائل تجربات اور دفاعی تیاریوںمیں اضافہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، پاکستان ہار ٹ آف ایشیاء پروسیس کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ہارٹ آف ایشاء پروسسیس کا ساتواں وزارتی سطح کا اجلاس (کل)جمعہ کو باکو میں منعقد ہو رہا ہے،وزیر خارجہ خواجہ آصف پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔افغانستان اور جنوبی ایشیاء کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کے سوچ میں فرق ہے،فاصلے کم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی رابطے جاری ہیں۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بھارت کی جانب سے حالیہ کروز میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ بھارت کو ایم ٹی سی آر کی رکنیت ملنے کے بعد نئی دہلی کی جانب سے میزائل تجربات اور دفاعی تیاریوںمیں اضافہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔اس قسم کے اقدامات بھارت کے جارحانہ عزائم کی عکاس ہیں۔ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق رپورٹس پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسکی تحقیقات ہونی چاہیئے ۔ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ افغانستان اور جنوبی ایشیاء کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کی سوچ میں فرق ہے ، اس خلا کو پر کرنے کی غرض سے دونوں ملکوں کے درمیان قریب تعاون اور رابطے جاری ہیں۔اس سلسلے میں امریکی وزیر دفاع کا پاکستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔

ترجمان نے کہا کہ قریبی تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہیں۔ترجمان نے افغانستان میں افیون کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کے حوالے سے رپورٹس پر گہرے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں اور دہشت گردوں کے مابین گٹھ جوڑ سے علاقائی امن و سلامتی اور اقتصادی و سماجی سرگرمیوں کو خطرات لاحق ہیں۔عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں اسلامی فوجی انسداد دہشت گردی الائنس کے اجلاس میں پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے اپنی کوششوں کو اجاگر کیااور انسداد دہشت گردی کی غرض سے عالمی کوششوں کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ترک پولیس نے غیر قانونی یورپ جانے والے 57 پاکستانی نوجوانوں کوانسانی سملگروں کے قبضہ سے بازیاب کرایا ہے جبکہ تین سمگلروں کو گرفتار بھی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی کارروائی کے بعد پاکستانیوں کو جلد اپنے ملک واپس روانہ کیا جائیگا۔