جب تک نچلی سطح سے میرٹ کی بنیاد پر تعلیم یافتہ افراد کو اسمبلیوں میں نہیں بھیجا جائے گا عام افراد کے مسائل حل نہیں ہوں گے ، میئرکراچی

 
0
720

کراچی نومبر 2(ٹی این ایس) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جب تک نچلی سطح سے میرٹ کی بنیاد پر تعلیم یافتہ افراد کو اسمبلیوں میں نہیں بھیجا جائے گا عام افراد کے مسائل حل نہیں ہوں گے ، ہمیں عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہوگا کہ وہ اس شخص کو ووٹ دیں جسے وہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر اس قابل سمجھتے ہیں کہ وہ ان کی آواز کو قومی سطح تک پہنچائے گا، اگر ہم مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہی اسمبلیوں میں بھیجتے رہے تو وہ قانون سازی بھی صرف اور صرف اپنے مفاد کے لئے کریں گے اور وہ قانون سازی نچلی سطح سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لئے نہیں ہوگی ، سندھ کے شہری علاقے کے لوگ بہت زیادہ باشعور ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں کام کرنے کیوں نہیں دیا جا رہا کیونکہ جن لوگوں کی گزشتہ سالوں سے سندھ میں حکومت ہے وہ نہیں چاہتے کہ ہمارے توسط سے کوئی کام ہوں ، ہم عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے مستقل کوشاں ہیں مگر جب کام کرنے ہی نہ دیا جائے تو نتائج مثبت نہیں نکلتے اس کے باوجود شہر کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندے ایک جذبے اور عزم کے ساتھ شہر اور شہریوں کی خدمت کے لئے مصروف عمل ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن مانسہرہ کی40رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، وفد نے نائب ناظم مرتضی تنولی کی قیادت میںمیئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کی، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے وفد کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا نشان پیش کیا جبکہ وفد کی جانب سے میئر کراچی کو خیبر پختوانخوا کی روایتی ٹوپی اور شال تحفہ میں دی گئی ، میئر کراچی وسیم اختر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمے جن کا تعلق براہ راست عوامی مسائل ہے وہ صوبائی حکومت کے ماتحت ہیں جبکہ SLGO کے تحت جو فنکشن کے ایم سی کے پاس ہیں ان پر بھی صوبائی حکومت نے اپنا اختیار جمالیا ہے مگر اس کے باوجود ہم شہر کے مسائل کے حل کے لئے اور اس شہر کو اس کا حق دلانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے سپریم کورٹ میں 140-A پر عملدرآمد کرانے کے لئے پیٹشن بھی دائر کررکھی ہے امید ہے کہ یہ معاملہ بھی کورٹ جلد دیکھے گی انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی اپنی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اب ہم اپنے فیصلے خود کر رہے ہیں جس طرح کے پریشرز پولیٹیکل جماعتوں پر ہوتے ہیں وہ ہم پر بھی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ ہونے والے الیکشن میں ہم انشاء اللہ ان پریشرز سے باہر آجائیں گے انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے لوگ صرف کراچی کو پیسہ بنانے کی مشین سمجھتے ہیں لیکن جب کراچی پر کچھ لگانے یا خرچ کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ اس شہر پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی رقم بیرون ملک خرچ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ابتدا ء ہی میں صحیح لیڈر شپ مل جاتی اور وہ موجود رہتی تو پاکستان کہیں سے کہیں ہوتا،

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے ووٹ کے درست استعمال سے آگاہ ہوجائیں تو ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اچھی قیادت دے سکتے ہیں ، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن مانسہرہ کے وفد کے سربراہ نائب ناظم مرتضی تنولی نے میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اسٹیڈی ٹور ہے تاکہ کراچی کے دورے پر مشتمل تجربات سے ہم بھی فائدہ اٹھاسکیں ، آپ ہمارے آئیڈل ہیں ، کراچی میں رہنے والے اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے آپ جس طرح کام کررہے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اس پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں بالخصوص خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے بے شمار افراد کراچی کی ترقی کے لئے ہاتھ بٹا رہے ہیں اور آپ نے جس طرح ہمارے ان بھائیوں کو یہاں روزگار ، چھت اور تحفظ فراہم کیا وہ بہت خوش آئند ہے ، انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن مانسہرہ کی آبادی 15 لاکھ پر مشتمل ہے جبکہ وہاں کی کونسل کے اراکین کی تعداد 88 ہے ۔