لاہور دسمبر 2(ٹی این ایس )جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعیدنے آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیاہے ، بیرونی قوتیں چاہتی ہیں کہ مسلمان ان کی غلامیاں کریں اور ان کی باتیں مانتے جائیں،پاکستانی قوم ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی، میری رہائی پر بھارت کو بہت تکلیف ہوئی ، ا نڈیا میں اس وقت بھی ماتم کی کیفیت ہے ۔نجی چینل کے مطابق لاہور میں سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہناتھا کہ 2018کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر ملی مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخاب میں حصہ لوں گا تاہم جماعت الدعوۃ کے امیر کی جانب سے یہ عندیہ نہیں دیا گیا کہ وہ کس حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے؟۔حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں چاہتی ہیں کہ ملک کو سیکولر بنانے کی تحریکیں کھڑی کی جائیں اور پاکستان اور انڈیا کے قانون میں کوئی فرق نہ رہے، صرف مذہبی رسومات باقی رہیں اور مسلمان نماز،روزہ،نکاح ،طلاق تک محدود رہیں، اس سازش کے پیچھے اصل نظریہ یہ ہے کہ پاکستان ایک طفیلی ریاست بن کر انڈیا کے سامنے جھکا ہوا ہو ، یہ امریکہ کی پالیسی ہے پاکستانی قوم ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں چاہتی ہیں کہ مسلمان ان کی غلامیاں کریں اور ان کی باتیں مانتے جائیں ،ہم محمد رسول اللہ ﷺ کی شریعت کو پاکستان میں نافذ کریں گے اور دنیا کو بھی اس کی دعوت دیں گے، جو نظام محمد رسول اللہ ﷺ دے کر گئے قیامت تک اسی نظام کو قائم رکھنا ہے،حکومتوں کی ذمہ داری یہ نہیں کہ کافروں کی غلامیاں کریں، وہ ڈومور کہیں اور یہ مانتے جائیں، مسلمان ملکوں کا یہ کام نہیں ہے، دنیا کے مسئلے تب حل ہوں گے جب وہ کیفیت پیدا ہو گی جو مدینہ میں تھی۔ انہوں نے کہاکہ میری رہائی پر بھارت کو بہت تکلیف ہوئی ، ا نڈیا میں اس وقت بھی ماتم کی کیفیت ہے ، ہمارے لئے حوصلے کی بات یہ ہے کہ بھارتی صوبہ اترپردیش میں میری رہائی پر مسلمانوں نے خوشی سے جلوس نکالے، کشمیر کی طرح اب انڈیا میں بھی جلوس نکل رہے ہیں اورحافظ سعید سے رشتہ کیا’’ لاالہ الااللہ‘‘ کے نعرے لگائے جارہے ہیں، ہر جگہ پاکستان کا پرچم بلند ہو رہا ہے
واضح رہے کہ حافظ سعید کی نظر بندی ختم کر دی گئی ہے اور انہیں رہا کر دیا گیا تھا جبکہ دوسری جانب جماعت الدعوة نے حافظ سعید کا نام دہشتگردوں کی فہرست نکالنے کیلئے اقوام متحدہ میں درخواست بھی دائر رکھی ہے تاہم اب انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کر دیاہے ۔