حکومت ،مال روڈ دھرنا قائدین کے مابین تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق طے کیے گئے ‘ خواجہ سعد رفیق

 
0
11443

لاہور دسمبر 2(ٹی این ایس)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور مال روڈ دھرنا قائدین کے مابین تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق طے کیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق نے ٹوئٹر پر دھرنے کے ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے تحریری معاہدے کی کاپی بھی شیئر کی ہے ۔مال روڈ دھرنا قائدین سے طے پانے والے تحریر ی معاہدے کے چارنکات کے مطابق معاہدہ اسلام آباد کی شق تین پر عمل ہوگا جبکہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ 20دسمبر 2017 تک قوم کے سامنے لائی جائے گی۔ حکومت پنجاب مساجد پر لاؤڈ اسپیکر زکی تعداد کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علما ء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے گی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مطلوبہ قانون سازی 16 جنوری 2018 تک مکمل کرلی جائے گی۔ وفاقی حکومت اور تحریک لبیک یارسول اللہ کے درمیان پہلے ہونے والے معاہدے کے تمام نکات پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ متحدہ علما ء بورڈ صوبے میں دینی شعائر کے حوالے سے نصاب تعلیم کا جائزہ لے گا۔معاہدے پر فریقین کی جانب سے ایک ایک دستخط جبکہ گواہان میں دو افراد کے دستخط ہیں جس میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بطور گواہ دستخط کئے ہیں۔