سیاست کھیل تماشا نہیں،عوام کی بے لوث خدمت کا نام ،سیاسی شعبدہ بازوں کو عوام نے ہرمحاذ پر شکست دی ہے‘شہبازشریف

 
0
377

لاہور نومبر 15(ٹی این ایس) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاست کھیل تماشا نہیں بلکہ عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے، سیاست کو تماشا بنانے والے شعبدہ بازوں کو عوام نے ہرمحاذ پر شکست دی ہے ،ان سیاسی عناصر کے عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے،انتشار ،جھوٹ اورالزام تراشی کرنے والوں کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکارنہیں، عوامی خدمت سے عاری ان سیاستدانوں نے صرف عوام کا وقت ضائع کیا ہے اور پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالے ان عناصر کو اپنے منفی طرز عمل کا حساب دینا ہوگا اور 2018ء کے عام انتخابات میں ان شعبدہ بازوں کوایک بارپھرحزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، با شعور عوام ترقی کے مخالفین کی منفی سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمنتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کی بات کرنے والوں کو پاکستان کی تیزرفتار ترقی پر تکلیف ہو رہی ہے اور اپنے صوبے میں عوام کو مایوس کرنے والے کس منہ سے تبدیلی کے دعوے کر رہے ہیں۔ ان سیاستدانوں کو نیا پاکستان بنانے کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ ناامیدی اور مایوسی پھیلانے والے قوم پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم اندھیروں اورمشکلات میں تھی تو یہ لوگ منفی سیاست میں مصروف تھے اور بدقسمتی سے ان سیاسی عناصر نے ہمیشہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی۔ ملک کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام کو جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مارسے ملک و قوم کے مسائل میں اضافہ ہوا اور قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے غریب قوم کا خون چوسا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو پروان چڑھایا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتھک جدوجہد کی ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ہمارے دور حکومت میں ترقی کے اہداف حاصل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اورلوٹ مار کے ذریعے قومی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا تھا اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت کو بحال کیا ہے۔ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا مسلم لیگ(ن) کا تاریخی کارنامہ ہے اور مسلم لیگ(ن) کی ترقیاتی حکمت عملی کا محور عام آدمی کی بھلائی اورخوشحالی ہے۔ ہم نے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی چوہدری خالد جاوید وڑائچ، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، غلام بی بی بھروانہ اور سردار عاشق حسین گوپانگ شامل تھے۔