پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کے لئے کچھ بھی کر گزریں گے۔سی آئی اے کے سربراہ کی دھمکی

 
0
361

واشنگٹن دسمبر 4(ٹی این ایس)امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان اپنی حدود میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم نہیں کرے گا تو امریکا اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ریاست کیلی فورنیا میں نیشنل ڈیفنس فورم سے خطاب کے دوران امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے چیف مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا ہر قیمت پر پاکستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتا ہے، اگر پاکستان ایسا کرنے میں ناکام رہا تو امریکا انہیں خود ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس پاکستان کے دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیغام پاکستانی انتظامیہ تک پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ سی آئی اے کے چیف کا یہ بیان امریکی وزیر دفاع کے دورہ پاکستان سے قبل آیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس آج ہی ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔قبل ازیں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان کے سفر کے دوران جہاز میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اسلام آباد پہنچنے کے ساتھ ہی پاکستان پر دباﺅ نہیں ڈالیں گے، ہمیں یقین ہے پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے دعوﺅں پر پورا اترے گا۔