پی ایس ڈی پی کے تحت جنوبی وزیرستان میں چائو تنگی سمال ڈیم، مہمند ایجنسی میں نحقی ٹنل، اورکزئی ایجنسی میں زیارت تا ڈبوری سڑک کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری

 
0
658

اسلام آباد دسمبر 4 (ٹی این ایس) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت مختلف منصوبوں پرکام جاری ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں چائو تنگی سمال ڈیم، مہمند ایجنسی میں نحقی ٹنل اور اورکزئی ایجنسی میں زیارت سے لیکر ڈبوری تک سڑک کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ان میں سے بیشتر منصوبے آئندہ سال جون تک مکمل ہو جائیں گے۔ جنوبی وزیرستان میں چائو تنگی سمال ڈیم کیلئے مجموعی طور پر 639.08 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ، اس منصوبہ پر47 فیصد فزیکل اور37 فیصد مالیاتی پیش رفت ہوئی ہے۔ مہمند ایجنسی میں نحقی ٹنل کی تعمیر کیلئے 2428.34 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، منصوبہ آئندہ سال مکمل ہوگا، اس منصوبہ پر 95 فیصد فزیکل اور21 فیصد مالیاتی پیش رفت ہوچکی ہے۔اورکزئی ایجنسی میں زیارت سے لیکرڈبوری تکسڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی آئندہ سال مکمل ہوگا، اس منصوبہ کیلئے 1958.80 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، اس منصوبہ پر 14فیصد فزیکل اور7فیصد مالیاتی پیش رفت ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق قبائلی علاقہ جات میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے قبائلی علاقوں میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔