اسلام آباد (ٹی این ایس) نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) میں انجنئیرنگ کے گریجویٹنگ طلبہ کی علمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس نے چوتھے سالانہ کانووکیشن کی تقریب منعقد کی

 
0
3

اسلام آباد (ٹی این ایس) نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) میں انجنئیرنگ کے گریجویٹنگ طلبہ کی علمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس نے چوتھے سالانہ کانووکیشن کی تقریب منعقد کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں اور فارغ التحصیل طلبہ کے اہلِ خانہ بھی تقریب میں موجود تھے۔
نیوٹیک یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں مجموعی طور پر 244 طلبہ کو بی ایس اور ایم ایس کی ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ان کی شاندار علمی کارکردگی کے اعتراف میں گولڈ اور سلور میڈلز سے نوازا گیا۔

اپنے خطاب میں مہمان خصوصی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے گریجویٹس کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی ترقی میں ٹیکنالوجی کے ماہر نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے نیوٹیک کی اعلیٰ معیار اور صنعت سے وابستہ تعلیم فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کو ملک کی سائنسی و تکنیکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز(ر) کہتے ہیں کہ ہمیں اپنے گریجویٹس کی کامیابی پر فخر ہے اور ہم پُرعزم ہے کہ ہمارا ادارہ نوجوانوں کو جدید علم، عملی مہارتوں اور مضبوط اخلاقی اقدار سے لیس کرتا رہے گا، تاکہ وہ اپنے کیریئر میں کامیاب ہوں اور معاشرے پر مثبت اثر ڈال سکیں۔