پاکستان کو چاول کی نئی منڈیاں ملنے کا امکان ، کاشتکار عالمی معیار کے مطابق چاول کاشت کریں‘ زرعی ماہرین

 
0
11272

لاہور دسمبر 4(ٹی این ایس)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کے رائس ایکسپورٹرز دنیا بھر میں نئی منڈیوں کی تلاش میں مصروف عمل ہیں، نئی منڈیوں کی تلاش کے بعد پاکستان کی چاول کی برآمدات میں مزید اضافہ ہو گا،چاول کے کاشتکار عالمی معیار کے مطابق چاول کی کاشت یقینی بنائیں، چاول کو سٹور میں محفوظ بنانے کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات پر عمل کیا جائے تو اس کی کوالٹی متاثر نہیں ہو گی ۔ اس حوالے سے محکمہ زراعت پنجاب نے چاول کے کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے ۔

ماہرین نے مزید کہا ہے کہ دنیا بھر میں بھارتی چاول کی مانگ میں کمی کے بعد پاکستانی چاول کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے ۔ محکمہ زراعت نے کسانوں میں زرعی زہروں کے استعمال کے حوالے سے شعوری مہم شروع کر دی ہے ۔ دنیا بھر کی چاول درآمد کرنے والی کمپنیوں نے محکمہ زراعت کے اس اقدام کی تحسین کی ہے۔ چاول ایک اہم نقد آور فصل ہے۔ یہ فصل ہماری غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کے ذریعے زرمبادلہ کمانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستانی باسمتی چاول اپنی خوشبو اور کوالٹی کی وجہ سے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان دنیا میں چاول برآمد کرنے والے ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے۔ پھپھوند کش زرعی ادویات ٹرائی سائیکلازول، کاربینڈازم اور تھائیوفینیٹ میتھائل کو ترک کرکے پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔دنیا بھر میں پیدا ہونے والے چاول پر زہریلی ادویات کا استعمال کم سے کم کیا جا رہا ہے۔ اس لئے اب پاکستان میں بھی اس حکمت عملی پر کام شروع ہوگیا ہے۔