آج انصاف کی جیت ہوئی ،حکومت کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے‘ اپوزیشن

 
0
802

اسلام آباد  دسمبر 5(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری پورٹ منظر عام پر لانے کا حکم پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج انصاف کی جیت ہوئی ہے،حکومت کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ رپورٹ منظر عام پر آنی چاہیے ، حکومت کی کوشش تھی کہ اہم رپورٹ منظر عام پر نہ آئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انکوائری رپورٹ بہت اہم ہے، ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل ہوناچاہئے،سیاست نہیں کرناچاہتا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرناپنجاب حکومت کا حق ہے ، اہم فیصلے پر امن وامان کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا کہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آتے ہی اس کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے،عدالتی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کو بھی فوری گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اب ہٹ دھرمی چھوڑے اور عدالت کے حکم پر عمل کرے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا ان کا تابوت نکلے گا اب سپریم کورٹ بھی ان کا کیس نہیں سنے گا، یہ لوگ اپنے آپ کو خدا سمجھتے تھے ، پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں ظلم کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو مارچ سے پہلے کِک مارچ ہوجائے گا۔عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے، نوازشریف تو چلے گئے اب رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد شہبازشریف کی سیاست کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔

میاں محمود الرشید نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ فوری مستعفی ہوجائیں۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف کی جیت ہوئی ہے ہر شہری چاہتا ہے کہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کو انصاف ملے، انکوائری رپورٹ میں ملزمان کا تعین ہوچکا ہے۔فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ملزمان کا تعین ہوچکا ہے اس لئے حکومت ہچکچارہی ہے، پہلے ایک جج اور اب 3ججز نے فیصلہ دیا ہے، رپورٹ منظر عام پر آنے سے امن وامان کیسے خراب ہوگا سمجھ سے باہرہے، پنجاب حکومت کا موقف مضحکہ خیز ہے۔خرم نواز گنڈا پور کا سانحہ ماڈل ٹان کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے فیصلہ پر کہنا ہے کہ باقرنجفی رپورٹ حاصل کرکے رہیں گے، عدالتی حکم کے مطابق متاثرین کوفوری رپورٹ کی کاپی دی جائے۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے انصاف ملے گا۔