پاکستانیوں کیلئے لندن میں تجارت اور تعلیم کے دروازے کھلے ہیں،صادق خان

 
0
510

کراچی دسمبر 8(ٹی این ایس) میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ مجھے پاکستا ن سے اپنے تعلق پر فخر ہے ۔پاکستانیوں کے لیے لندن میں تجارت اور تعلیم کے دروازے کھلے ہیں، لندن میں تمام مذاہب کو ہر قسم کی آزادی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مزار قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میئر لندن کی مزار قائد آمد پر پاک بحریہ کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صادق خان نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر صادق خان نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نوازی پر بے حد خوش ہوں، ہمیں آئندہ کے 70 سال پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی ہیں، لندن میں تمام مذاہب کے لوگ آباد ہیں، پاکستانیوں کے لیے لندن میں تجارت اور تعلیم کے دروازے کھلے ہیں، لندن میں تمام مذاہب کو ہر قسم کی آزادی ہے۔ صادق خان نے پنے تاثرات کتاب میں قلمبند کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے پاکستان کا دورہ کیا اور مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔

بعد ازاں صادق خان نے کراچی میں حبیب یونیوسٹی کا بھی دورہ کیا جہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فن و ثقافت کسی بھی شہر کا ڈی این اے ہوتا ہے جس سے اس کی شناخت ہوتی ہے۔ کراچی اس حوالے سے یہ بہت بات اہم ہے کہ یہاں مذہبی ہم آہنگی بھی ہے اور مختلف ثقافتوں بھی اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگ بھی یہاں بڑی تعداد میں رہتے ہیں طلبہ کے ساتھ کیو اینڈ اے سیشن کے دوران صادق خان کا کہنا تھا کہ جو شہر جغرافیائی لحاظ سے وسعت پا رہا ہو اور لوگ وہاں روزگار کی تلاش میں آرہے ہو تو اسکی اہمیت بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس لحاظ سے مجھے کراچی بہت پسند ہے ۔

صادق خان نے کہا کہ رواں برس لندن میں تیزاب حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور انکی روک تھام کیلئے نہ صرف حکومتی بلکہ سماجی سطح پر اقدامات کیئے جارہے ہیں انکا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کے ساتھ صحت، تعلیم اور سماجی معاملات سمیت تمام مسائل پر بات کرنا چاھیئے انہوں نے طلبہ و طالبات کو عملی زندگی میں سیاست کی جانب راغب ہونے کا مشورہ بھی دیا۔میئر لندن کیلئے اپنی انتخابی مہم کا ذکر کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ مہم کے دوران میرے مخالفین مجھے ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے تھے مگر میری نظر اپنے ہدف پر تھی۔ مجھے لندن کی تاریخ میں سب سے زیادہ لوگوں نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے اور ہر طبقے کے لوگوں نے ووٹ دیئے۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت عظیم لیڈر تھے اور میں ان سے بہت متاثر ہوں۔واضح رہے کہ میئر لندن صادق خان پاک بھارت کے دورے پر ہیں جس کے پہلے مرحلے پر انہوں نے بھارت کے شہروں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے پر وہ پہلے لاہور آئے جہاں انہوں نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔لاہور کے بعد صادق خان کراچی آئے ہیں بعد ازاں اپنے دورے کے آخری روز وہ اسلام آباد جائیں گے۔