مسلم حکمران امریکی سفارتکاروں کو احتجاجا ملک سے نکال دیں ، مفتی محمدنعیم

 
0
349

کراچی دسمبر 8(ٹی این ایس) معروف مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مسلم حکمران امریکی سفارتکاروں کو احتجاجا مسلم ممالک سے نکال دیں ، امریکا واسرائیل سمیت دیگر مغربی ممالک کا سوشل بائیکاٹ کیاجائے،عالمی ادارے امریکا کے اس غیر قانونی اقدام کیخلاف بیان بازی کے بجائے اقدامات کریں ،بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا ٹرمپ کا عالم اسلام کیخلاف اعلان جنگ ہے ،پوری دنیا میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اس کے باوجود بھی امریکا نے اپنے اعلان کو واپس نہ لیاتو بیانک نتائج بھگتنے پڑھیں گے ۔

جمعے کو ملک بھر کی طرح جامعہ بنوریہ عالمیہ کی جامعہ مسجد محمدی میں جمعے کو یوم احتجاج کے طور پر منایاگیا خطبے میں امریکی اقدام کی شدید مذمت اور احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بعدنماز جمعہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ایک طرف بھارت میں مقیم پرامن مسلمانوں کیخلاف ہندو انتہاپسندوں کو بھڑکا ان کو سرعام قتل کیاجارہاہے ،جبکہ بھارت میں قائم مسلمانوں کی قدیم مسجد کو رام مندر میں تبدیل کرنے کی بھی کوششیں عروج کو پہنچ چکی ہیں ، دوسری جانب امریکی اس اعلان عالم اسلام کیلئے بے چینی کا باعث بن رہاہے ، یہ تمام اقدامات مسلمانوں کیخلاف امریکی آشیر باد سے ہورہے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے سفارتخانہ منتقل کرنے کا اعلان بھی اسی کا تسلسل ہے ، انہوں نے کہاکہ پہلے امریکا نے مسلم حکمرانوں کی حمایت حاصل کرکے انہیں ایک دوسرے سے لڑوایا اور اب فائدہ اٹھاکر گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے ،

انہوں نے کہاکہ امریکا گریٹر اسرائیل کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے اسرائیل کی مکمل پشت بانی کرکے عالمی قوانین کے کھلی خلاف ورزیاں کررہاہے ، امریکی اس اعلان کیخلاف عالمی برادری اور امریکا نے مسلمانوں کے احتجاج کو نظر انداز کیا تو بیانک نتائج بھگتنے پڑیں گے ،انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو موجودہ حالات میں متحد ہوکراقدامات کرنے ہوں گے اور امریکی غلامی سے باہر آکر سوچنا ہوگا، احتجاج کے ساتھ فلسطینی مسلمانوں کیلئے دعاوں کی بھی ضرورت ہے بیت المقدس کو یہودیوں کے حوالے کرنے کی سازش امت مسلمہ کو قبول نہیں ہے بلکہ اسرائیل کو اس خطے میں زبردستی بسایا گیا اسے وہاں سے نکال دیاجائے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ وہ فی الفور احتجاجا امریکی سفارتکار کو ملک سے نکالنے کا اعلان کریں ۔