ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن قصور کے زیر اہتمام ووٹ کے قومی دن کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

 
0
368

 

 

قصور ،دسمبر09(ٹی این ایس): ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن قصور کے زیر اہتمام ووٹ کے قومی دن کے حوالے سے تحصیل میونسپل کمیٹی ہال میں سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور محمد خالد رشید ‘الیکشن آفیسر ماہم قادر ‘چیئر مین و کونسلرز یونین کونسلز‘محکمہ تعلیم کے افسران ‘ممبران ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی ‘این جی اوز کے عہدیداران اور معززین شہر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے ووٹ کی اہمیت اور عوام الناس میں اس کی آگاہی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور خالد رشید نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ووٹ ایک قومی فریضہ ہے جسے ادا کرنا ہر مرد اور عورت پر لازمی ہے یہی وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہوا ہے تا کہ آئندہ الیکشن میں زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر ضلعی ایجو کیشن کمیٹیاں متحرک ہیں جو باقاعدہ میٹنگز کا انعقاد کر کے رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کرتی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح ہدایات دی ہیں کہ خواتین کے حق رائے دہی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں جیسا کہ شناختی کار ڈ کا حصول اور بطور ووٹر اندراج وغیرہ شامل ہیں کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔ ضلع قصور میں 2018کے الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن میں مانیٹرنگ ونگ کی تشکیل ہو چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں مانیٹرنگ ونگ کا کردار کلیدی ہوگا۔