پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک میں اتحاد کی باتیں بے بنیاد ہیں ،ْقمر زمان کائرہ

 
0
355

اسلام آباد دسمبر 9(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) اور پیپلز پارٹی میں سیاسی اتحاد کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ایک انٹرویومیں قمر زمان کائرہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان حالیہ ملاقات کا مقصد صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ان کے مطالبے کی حمایت کرنا تھا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے نہ سیاسی اتحاد قائم کرنے کا کوئی اعلان کیا اور نہ ہی مل کر کام کریں گے تاہم سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں، لہذا مستقبل میں ایسا ہو تو اس حوالے سے پہلے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگرچہ 2013 میں طاہرالقادری نے ہماری حکومت کے ہوتے ہوئے احتجاج کیا اور اپنے مطالبات سامنے رکھے لیکن سیاست میں وقت ایک جیسا نہیں رہتا اور احتجاج کرنا اپوزیشن میں ہر ایک کا حق ہوتا ہے۔پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی میں طاہرالقادری نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف جو بھی باتیں کیں ہوں تاہم ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ انھوں نے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھایا جو غیر آئینی ہو۔انھوں نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی غیر قانونی مطالبہ کیا بھی ہے تو اس کا واپس راہ راست پر آنے کا وہ ہمیشہ خیر مقدم کریں گے۔

سابق وزیر نے کہا کہ انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آتا ہے ویسے ویسے سیاسی جماعتوں میں ملاقاتیں ہونا عام سی بات ہے، مگر بعض اوقات ان ملاقاتوں کا مطلب کچھ اور نکال لیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دلوانے کے لیے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آواز بند کی ہے اور جب بھی عوامی تحریک کا کوئی احتجاج ہوا ہم ہمیشہ ہی شریک ہوئے، لہذا یہ تاثر دینا بھی غلط ہے کہ اچانک سے ہم اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ طاہر القادری کا مطالبہ جائز ہے اسی لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی مشترکہ طور پر یہی موقف ہے کہ ہم اس میں ان کا ہر طرح کا ساتھ دیں گے۔