پنجاب فوڈ اتھارٹی کی شادی ہالوں، کیٹرنگ کمپنیوں کی چیکنگ ، 13سیل ، 6 لاکھ سے زائد کے جرمانے

 
0
334

لاہور دسمبر 9(ٹی این ایس)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں شادی ہالوں، کیٹرنگ کمپنیوں کی معائنہ مہم کے دوران 375 شادی ہالوں کی چیکنگ کی اور17شادی ہالوں کو 6 لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے ۔ لاہور میں 9، گوجرانوالہ میں 2، راولپنڈی اور ملتان میں ایک ایک شادی ہا ل کو باسی، ناقص اور زائد المیعاد کھانے کی موجودگی کی بنا پر سیل ، 17کو جرمانے جبکہ279 کو وارننگ نوٹس جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں شادی ہالوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کی چیکنگ کی۔ لاہور میں گلبرگ، بیدیاں روڈ، ماڈل ٹاون، فیصل ٹاون اور ڈیفنس سمیت تمام علاقوں میں کاروائیاں کی گئیں اور 9شادی ہالوں کو ناقص اور مضر صحت اجزاء کی موجودگی، بچا ہوا کھانا اگلے دن کے لیے سٹور کرنے،کھانے کی تیاری میں ذائدالمیعاد اشیاء خوردونوش استعمال کرنے اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکٹ کی عدم موجودگی پر سیل کر دیا ۔ صوبہ بھر میں کل 375 شادی ہالوں کی چیکنگ کی گئی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر چھ لاکھ سے زائد کے جرمانے کیے ۔ دیگر شہروں میں کاروائی کے دوران گوجرانوالہ میں 2، راولپنڈی اور ملتان میں ایک ایک شادی ہا ل کو سیل کیا گیا۔

انہوں نے مزید واضع کہ صوبہ بھر میں شادی ہالوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جا رہی ہے۔ شادی ہالوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کے کھانے روزانہ بڑی مقدار میں کھائے جاتے ہیں۔ چیکنگ کا مقصد عوام کو معیاری اور حفظانِ صحت کے مطابق محفوظ خوراک فراہم کرنا ہے ۔