اسلام آباد دسمبر 10(ٹی این ایس)نو منتخب آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے ٹریفک پولیس کو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے اتوار کو یہاں اسلام آباد ٹریفک پولیس آفس کا دورہ کیا اورٹریفک پولیس کےافسران و جوانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔
بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے ٹریفک افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رشوت خور پولیس اہلکاروں اور افسران کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہو گی، عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ایس ایم ایس سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت 24 گھنٹوں میں شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری شہریوں کا تحفظ ہے اور انہیں ہر حال میں عوام کی خدمت کے لئے تیار رہنا چاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مزید آگے لے کر جائیں گے اور اس ایک مثالی محکمہ بنائیں گے، انہوں نے ٹریفک پولیس کےجوانوں کو عام شہریوں کے ساتھ مہذب طریقے سے پیش آنے کی بھی ہدایت کی۔