پاکستان سارک کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لئے مثبت کردارادا کررہا ہے،

 
0
745

 

اسلام آباد ،دسمبر11(ٹی این ایس) : سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ( ایس سی سی آئی) کے صدر سوراج ودیا نے سارک خطے میں تجارت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پاکستان کے تعاون پر زور دیا ہے، پاکستان سارک کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لئے مثبت کردارادا کررہا ہے ۔ ان خیالات کے اظہار انہوں نے پاکستان کے دورے کے بعد روانگی سے قبل میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ سارک رکن ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ سارک کے نائب صدر افتخار علی ملک کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری پرویز ملک کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر نے یقین دلایا ہے کہ خطے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور پاکستان علاقائی اقتصادی تنظیموں کے ساتھ بھی بھر پور تعاون کررہا ہے اور سارک کے رکن ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کے لئے مؤثر انداز میں کام کررہا ہے۔

انہوں نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن آف پاکستان سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے تجربات سے انڈسٹریل جوائنٹ وینچر کے قیام میں مدد لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء کے خطے کو مختلف بحرانوں کاسامنا ہے۔ خطے کے ممالک کے مابین کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور بہتری رابطہ کاری سے ان مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں مدد ملے گی اور تجارتی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس سے جنوبی ایشیاء کو فوائد حاصل ہوں گے اور خطے میں توانائی کے مسائل میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور پاکستان اور چین کے دیگر ممالک کے ساتھ رابطے بڑھ جائیں گے۔

جنوبی ایشیاء کے ممالک کو اس منصوبے سے فوائد حاصل کرنے کے لئے اپنے آپ کو اس سے منسلک کرنا چاہیے۔ سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے اس موقع پر کہاکہ جنوبی ایشیاء میں تجارت کے فروغ کے لئے مزید آسانیاں لانے کی ضرورت ہے ۔ رکن ممالک کے مابین لوگوں سے لوگوں کے درمیان رابطوں اور مزید تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ تجارت کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں تجارت گنجائش سے بہت کم ہے ۔انہوںنے ممبر ممالک کی حکومتوں پر زور دیاکہ وہ خطے میں تجارت کے اضافے کے لئے کردار ادا کریں اور اس سلسلہ میں تجارتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔