پاکستان میں قریبا 21 لاکھ افغانی رہائش پذیر  جبکہ 35 لاکھ واپس جاچکے

 
0
420

اسلام آباد،دسمبر 11 (ٹی این ایس): پاکستان میں اس وقت تیرہ لاکھ اسی ہزار اندراج شدہ اور سات لاکھ غیراندراج شدہ افغان پناہ گزین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔ یہ بات پیر کے روز قومی اسمبلی کو بتائی گئی ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں اور پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے درمیان سہ فریقی معاہدہ ہے جس کے تحت وہ رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 2002ء سے اب تک تینتالیس لاکھ افغان پناہ گزین افغانستان واپس جا چکے ہیں جو پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی تاریخ میں رضاکارانہ واپسی کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

ایک سوال کے جواب میں تجارت کی پارلیمانی سیکرٹری شاذا فاطمہ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے پھلوں کی برآمد کو فروغ دینے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمدی ترقیاتی فنڈ بورڈ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں مشترکہ سہولت پیک ہاؤسز کے قیام کیلئے ایک منصوبے کی منظوری دی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ برس کے دوران 24 کروڑ اسی لاکھ ڈالر مالیت کے آم مختلف ملکوں کو برآمد کئے گئے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں شاذا فاطمہ نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 2013ء کے مقابلے میں 2016ء میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔