بیت المقدس کی حیثیت کی تبدیلی کا معاملہ، وزیرِ اعظم و خارجہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کےلئے ترکی روانہ

 
0
448

اسلام آباد، دسمبر 12 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیت المقدس کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہو گئے ہیں۔وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ کل ہونے والےاس  غیرمعمولی سربراہ اجلاس میں امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیکر  اپنے سفارتخانے کو تل ابیب سے وہاں منتقل کرنے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔اسلامی تعاون تنظیم کے رہنما صورتحال سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کرینگے۔

وزیراعظم فلسطین کے عوام کے لئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی غیرمتزلزل حمایت کے جذبات پہنچائیں گے۔وہ اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیں گے کہ بیت المقدس کے معاملے پر مشترکہ موقف اپنا جائے اور امریکی انتظامیہ سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کیلئے کہاجائے۔سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو گا جس میں وزیر خارجہ خواحہ محمد آصف شرکت کرینگے۔