پنجاب میں حساس مقامات ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کا خطرہ، حکومت پنجاب الرٹ

 
0
312

لاہور ، دسمبر 14 (ٹی این ایس):  خفیہ اداروں نے حکومت پنجاب کو حساس مقامات ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کے خطرات سے آگاہ کیا ہےجس کے بعدحکومت نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو فوری طور پر سیکورٹی انتظامات کو ٹھیک کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

چیف منسٹر مانیٹرنگ فورس کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعلیمی اداروں کو وارننگ جاری کی ہے، اس وارننگ میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق تحریک طالبان (سجنا گروپ)کے دہشت گردوں نے آرمی کی یونیفارمز حاصل کر لی ہیں اور انہیں افغانستان میں تربیت لیتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے ، خفیہ اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد صوبے میں حساس مقامات ، فوجی قافلوں ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں ، مراسلے میں تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہ سیکورٹی معاملات میں موجود کمی کو ہنگامی بنیادوں پر دور کریں اور تعلیمی اداروں میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی سانحے سے بچا جا سکے ۔