شوگر ملز مالکان کی ناانصافیوں کے خلاف ریلی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

 
0
467

ٹنڈو محمد خان،دسمبر 15 (ٹی این ایس):  سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے آبادگاروں کے ساتھ شوگر ملز مالکان کی ناانصافیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سیکڑوں کارکنان و آبادگاروں نے شرکت کی اور سندھ حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔ آبادگاروں کو معاشی طور پر برباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر احمد نوناری، اقبال حاجانو ،جمن ملاح، منظور سومرو، جمن سموں اور آبادگار رہنماؤں ڈاکٹر لطف ٹالپر و دیگر کا خطاب ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے سندھ حکومت اورشوگر ملز مالکان کے ناروا سلوک کے خلاف اسٹیشن روڈ سے ایک احتجاجی ریلی سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر احمد نوناری، اقبال حاجانو ،جمن ملاح، منظور سومرو، جمن سموں اور آبادگار رہنماؤں ڈاکٹر لطف ٹالپر و دیگر کی قیادت میں نکالی گئی، جس میں پارٹی کارکنان اور آبادگاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز ، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ سندھ حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے۔

اس موقعے پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی موجودہ حکومت اور شوگر ملز مافیا سندھ کے آبادگاروں کا معاشی استحصال کر رہی ہے، ایک مافیا سندھ کے آبادگاروں کو نقصان پہنچا کر سندھ کو زرعی طور پر تباہ و برباد کرنے کی سازش کر رہا ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے گنے کی فصل کے نرخ 182 روپے مقرر کیے گئے لیکن ملز مالکان آبادگاروں سے گنا صرف 130 روپے میں خرید ر ہے ہیں اور باقی پیسے کٹوتی کے نام پر کاٹے جا رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ کی موجودہ حکومت آبادگاروں کو زرعی طور پر نقصان پہنچا کر سندھ کو دیگر صوبوں کا محتاج بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی سندھ کے آبادگاروں کے ساتھ کسی صورت بھی ناانصافی نہیں ہونے دے گی اور آبادگاروں کے جائز حقوق کے لیے ناختم ہونے والی احتجاجی تحریک آغاز کرے گی۔