شاہ زیب قتل کیس، ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور سمیت دیگر ملزمان کا ضمانت کے لیے سٹی کورٹ سے رجوع

 
0
371

کراچی دسمبر19(ٹی این ایس)شاہ زیب قتل کیس میں ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور سمیت دیگر ملزمان نے ضمانت کے لیے سٹی کورٹ سے رجوع کرلیاہے، درخواستوں پر سماعت کل(بدھ) ہوگی۔منگل کوشاہ زیب قتل کیس میں ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور نے ضمانت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

عدالت نے ضمانت کی درخواست پر وکیل سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیاہے۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ میں راضی نامہ ہوچکا ہے لہٰذا کیس ختم کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ عدالت میں کیس ابھی آیا ہے، ہم راضی نامہ پہلے دیکھیں گے اور تصدیق کریں گے۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے اور راضی نامے کی تصدیق شدہ کاپی بھی طلب کرلی۔ملزمان کے خلاف مقدمہ میں دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت کل(بدھ)ہوگی۔

ملزمان اس سے قبل ملیر کورٹ سے بھی ضمانت لے چکے ہیں۔ اب سٹی کورٹ سے ضمانت ملنے کی صورت میں ملزمان رہا ہو جائیں گے۔اس سے قبل 28 نومبر کو سندھ ہائیکورٹ نے مجرمان کی سزائے موت سمیت تمام سزائیں کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ سماعت کے لیے ماتحت عدالت کو بھیج دیا تھا۔