تحریک انصاف نے سٹیل ملز کی بندش میں کارفرما بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا

 
0
367

اسلام آباد دسمبر 19(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان سٹیل ملز کی بندش میں کارفرما بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھ دیا‘ خط میں کہا گیا ہے کہ سٹیل ملز کی بندش سے قومی خزانے کو ماہانہ تقریبا ڈیڑھ ارب کے مالی نقصان کا سامنا ہے‘تنخواہوں اور پنشنز کی عدم ادائیگی سے ملازمین سخت معاشی مشکلات کا شکار ہیں، نیب تحقیق کرے کے سٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کیوں منقطع کی گئی منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں صنعت و پیداوار کمیٹی کے چیئرمین اسد عمر نے چیئرمین نیب کو خط لکھا۔

اسد عمر نے خط میں کہا کہ گیس کی عدم فراہمی سے پاکستان کے سب سے بڑا صنعتی یونٹ بند ہوگیا، سٹیل ملز کی بندش سے قومی خزانے کو ماہانہ تقریبا ڈیڑھ ارب کے مالی نقصان کا سامنا ہے، باہر سے سٹیل منگوانے کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر غیر معمولی دبا بڑھ رہا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ تنخواہوں اور پنشنز کی عدم ادائیگی سے ملازمین سخت معاشی مشکلات کا شکار ہیں، صورتحال اس درجہ ابتر ہوچکی ہے کہ ملازمین میں خودکشی کارجحان پختہ ہورہا ہے، حکومتی عدم دلچسپی کا سال یہ ہے کہ کوئی بھی موزوں قدم اٹھانے کو تیار نہیں، صنعت و پیداوار کی کمیٹی کی جانب سے معاملے پر یکے بعد دیگرے طلب کئے گئے اجلاسوں میں حکومت کا جواب “مختلف آپشنز زیر غور ہیں” سے آگے نہیں بڑھ پایا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ 13 جولائی 2017 کے اجلاس میں کمیٹی نے معاملہ تحقیقات کیلئے نیب کے سپرد کرنیکا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کی رائے میں ریفرنس کے ذریعے نیب سے کئی اہم پہلوں پر تحقیقات کیلئے معاونت طلب کی جانی چاہئیے۔ خط کے مطابق نیب تحقیق کرے کے سٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کیوں منقطع کی گئی جبکہ یہ حکومت ہی کے زیر انتظام دو اہم اداروں کا معاملہ ہے، سٹیل ملز کے معاملات صنعت کی وزارت جبکہ ایس ایس جی پی ایل کے معاملات وزارت پٹرولیم کے ذمے ہیں، مسئلے کو سلجھائے بغیر کیوں دو سال تک مسلسل سنگین سطح تک بگڑنے دیا گیا،صورتحال میں ساری ابتری کا حقیقی ذمہ دار کون ہے، کیا سٹیل ملز کی بندش حکومت اور مل کی بندش سے کاروباری فائدہ اٹھانے والے عناصر کے مابین ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔خط کے مطابق نااہلی اور غفلت سے قومی خزانے کا پہنچنے والے نقصان کا اصل تخمینہ کتنا ہے، مجھے امید ہے کہ نیب اس اہم معاملے میں ترجیحی بنیادوں پر سرگرمی دکھائے گاتاکہ ذمہ داروں کے تعین اور اس قومی اثاثے کے بچا کی تدبیر کی جاسکے۔