وزیر داخلہ احسن اقبال کی سی پیک منصوبوں پر مقامی یونیورسٹیوں کے انجینئرز کو انٹرن شپ پر رکھنے کی ہدایت

 
0
3019

حویلیاں دسمبر20 (ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے کا معائنہ کرتے ہوئے سی پیک منصوبوں پر مقامی یونیورسٹیوں کے انجینئرز کو انٹرن شپ پر رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حویلیاں۔تھاکوٹ منصوبہ پر ایک سو مقامی انجینئرز کو رکھا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے منصوبہ کے معائنہ کے موقع پر چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک اور منصوبہ کے چینی چیف انجینئر کی طرف سے بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مقامی یونیورسٹیوں سے انجینئرنگ کے طلباءکو تعمیراتی منصوبوں میں شامل کرنے کا مقصد انہیں تجربہ اور مشکل میں اچھی جاب کیلئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چینی تعمیراتی کمپنیوں میں انٹرن شپ پر زیادہ سے زیادہ انٹرنی انجینئرز رکھے جائیں اور انہیں ساتھ ساتھ مناسب وظائف بھی دیئے جائیں۔

اس موقع پر چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک نے وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حویلیاں۔تھاکوٹ پراجیکٹ جس کی کل لمبائی 118 کلومیٹر اور لاگت کا تخمینہ 134 ارب روپے ہے، اس پراجیکٹ پر 105 پل ہیں جن کی مجموعی لمبائی 14 کلومیٹر ہے جبکہ 8 عدد ٹنل جن کی مجموعی لمبائی 11 کلومیٹر ہے اور یہ تمام تعمیراتی مراحل میں ہیں، اس پراجیکٹ پر تین انٹر چینجز تعمیر کئے جا رہے ہیں، یہ پراجیکٹ یکم ستمبر 2016ءکو شروع کیا گیا تھا اس وقت 33.6 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہے۔ اس پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کی نگرانی نیسپاک اور ڈولسار ترکی کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ میں ”ہزارہ موٹروے“ جس کی کل لمبائی 57 کلومیٹر ہے، برہان انٹرچینج سے شاہ مقصود انٹر چینج تک اس سال کے اختتام تک کھولنے کیلئے تیار ہو جائے گی۔ یہ پراجیکٹ 34.165 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔