انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اپریل 2018ء تک مکمل ہوگی،

 
0
337

اسلام آباد ،دسمبر21(ٹی این ایس) : قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا کام اپریل 2018ء تک مکمل ہو جائے گا اور توقع ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز کی تعداد دس کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کے لئے اقدامات کے بارے میں تحریری طور پر بتایا گیا کہ انتخابی اصلاحات‘ حلقہ بندیوں‘ انتخابی مواد کی خریداری‘ انتخابی عملہ‘ آزاد مانیٹرنگ ونگ کے قیام‘ سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے رابطے‘ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیوں کی بحالی‘ وفاقی الیکشن اکیڈمی کے قیام‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز و بائیو میٹرک ویریفکیشن مشینز‘ انتخابی مواد کے ذخیرہ کے لئے ویئر ہائوس کے قیام‘ پولنگ سٹیشن کی جی آئی ایس میپنگ سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں شعبہ صنف قائم کیا گیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹ کی تکنیکی مہارت ‘ رازداری‘ تحفظ اور مالی طور پر قابل عمل ہونے کا جائزہ لینے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔