صدر مملکت کو چین ، ویتنام اور بھارت کے سفارتکاروں نے اپنی اسناد سفارت پیش کر دیں

 
0
438

اسلام آباد،دسمبر21(ٹی این ایس) :صدر مملکت ممنون حسین کو چین ، ویتنام اور بھارت کے سفارتکاروں نے اپنی اسناد سفارت پیش کر دیں۔ سفارت کاروں نے اس موقع پر صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقات بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام اور ترقی کے لیے اپنے دوست اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا خواہش مند ہے۔انھوں نے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ صرف پاکستان اور چین کی ترقی کا ہی منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہترین ملک ہے جس سے بین الاقوامی سرمایہ کار مختلف شعبہ جات میں بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفارت کاروں کو مبارک باد دی اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔اسنادسفارت پیش کرنے والوں میں چین کے سفیر یاؤجینگ، ویتنام کے سفیر فام ہانگ کیم اور بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریاشامل تھے۔