اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سی پانچ سال کے دوران 108 سفارشات وزارت قانون کو پیش

 
0
381

 

اسلام آباد ،دسمبر21(ٹی این ایس) :قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سی پانچ سال کے دوران 108 سفارشات وزارت قانون کو پیش کی گئیں ،ْانتخابی فہرستوں پر نظرثانی اپریل 2018ء تک مکمل ہوگی، آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز کی تعداد دس کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔جمعرات کو وقفہ سوالات میں تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ 2012ء سے 2017ء تک اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے 108 سفارشات پیش کی گئیں ،ْ 2016ء میں وزارت قانون و انصاف کو سال 2012-13ء کے لئے 33 سفارشات پر مشتمل صرف ایک سالانہ رپورٹ پیش کی گئی ،ْاسلامی نظریاتی کونسل دستور آرٹیکل 230 کے تحت پارلیمنٹ کو سفارشات کرتی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کا فیصلہ پارلیمنٹ کرتی ہے۔اجلاس کے دور ان وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے تحریری طور پر قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ مالی سال 2016-17ء میں پاکستان پوسٹ کو 11 ارب 22 کروڑ 64 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی جبکہ رواں سال اب تک یہ آمدن بڑھ کر 13 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان پوسٹ کی بہتری کے لئے موجودہ ان لینڈ پوسٹل ٹیرف میں اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔

آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کے لئے اقدامات کے بارے میں تحریری طور پر بتایا گیا کہ انتخابی اصلاحات‘ حلقہ بندیوں‘ انتخابی مواد کی خریداری‘ انتخابی عملہ‘ آزاد مانیٹرنگ ونگ کے قیام‘ سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے رابطے‘ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیوں کی بحالی‘ وفاقی الیکشن اکیڈمی کے قیام‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز و بائیو میٹرک ویریفکیشن مشینز‘ انتخابی مواد کے ذخیرہ کے لئے ویئر ہائوس کے قیام‘ پولنگ سٹیشن کی جی آئی ایس میپنگ سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں شعبہ صنف قائم کیا گیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹ کی تکنیکی مہارت ‘ رازداری‘ تحفظ اور مالی طور پر قابل عمل ہونے کا جائزہ لینے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔