,سید خورشید شاہ اگلا وزیراعظم شہباز شریف ہو گا یا بلاول بھٹو فیصلہ عوام نے کرنا ہے،

 
0
542

 

سکھر،دسمبر21(ٹی این ایس) : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم شہباز شریف ہو گا یا بلاول بھٹو فیصلہ عوام نے کرنا ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ملک نہیں تو ہم بھی نہیں سب کو سوچنا چاہیے، جب تک عام آدمی پارلیمنٹ میں نہیں جاتا ملک ترقی نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئ جان و مال کی قربانی دی ہے، پیپلز پارٹی کا جھنڈا جمہوریت کی نشانی ہے۔

جمعرات کو خورشید شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی گوہر کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں، جب تک عام آدمی پارلیمنٹ نہیں جاتا ملک ترقی نہیں کر سکتا، عوام یک طاقت کو تسلیم کرنا چاہیے، ہم نے تمام جماعتوں کو غریب کی بات کرنے پر مجبور کیا، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے جان و مال قربان کر دیا، پیپلز پارٹی نے کسانوں اور مزدوروں کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خاطر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اپنے بچوں کی قربانی دی، بھٹو کا مقصد عوام کی طاقت تسلیم کرانا تھا، پیپلز پارٹی کا جھنڈا جمہوریت کی نشانی ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، یہ ملک نہیں تو ہم بھی نہیں، سب کو سوچنا چاہیے، ہم نے دھرتی کیلئے خون کا نذرانہ دیا ہے، میں نواز شریف سے کہتا رہا کہ پارلیمنٹ ہے مت بھاگو لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی، آج پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا ، دوسرا کہتا ہے مجھے کیوں بلایا، اگلا وزیراعظم شہباز ہو گا یا بلاول فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔