پاکستانی سیاست دان صرف حکمرانی کے لئے پاکستان آتے ہیں، سراج الحق

 
0
397

 

پشاور ،دسمبر21(ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست دان صرف حکمرانی کے لئے پاکستان آتے ہیں ہمارے سیاستدانوں کا مقصد صرف اپنی ذات کے لئے مفاد حاصل کرنا ہے ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جس کا قبلہ واشنگٹن نہیں بلکہ خانہ کعبہ ہو ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلامیہ کالج پشاور ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست دان صرف حکمرانی کے لئے پاکستان آتے ہیں سیاستدانوں کے اثاثے اور جائیدادیں بیرون ملک ہیں ہمارے سیاستدانوں کا مقصد صرف اپنی ذات کے لئے مفاد حاصل کرنا ہے ملکی مفاد کی کسی کو پرواہ نہیں انہوں نے سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنا علاج بھی بیرون ملک سے کرواتے ہیں اور ان کے بچے بھی بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ پاکستان میں غریب کے بچے کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم مشیروں پر مشتمل ہے لیکن قیادت گیڈر کے ہاتھ میں ہے موجودہ سیاسی قیادت نے قوم کو منتشر کیا ہے ہمیں ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جس کا قبلہ واشنگٹن کے بجائے خانہ کعبہ ہو ۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ موجودہ مغربی نظام کو بدلنے کی کوشش کریں اور ملک میں وہ نظام لائیں جو ہمارے نبی پاکؐ نے ہمیں 1400 سال پہلے دیا جس میں معاشی ‘ سیاسی ‘ زرعی ‘ امن اور جنگ کے طریقہ کار وضع کئے گئے ۔ موجودہ سودی نطام بربادی ہے ۔ نوجوان اور طلباء اس سودی نظام کو بدلنے کے لئے کوشش کریں ۔ مغربی نظام کی تقلید کے بجائے اسلامی نظام رائج کرنے کی بھرپور کوشش کریں کیونکہ اسی نظام میں ہماری اور ہمارے ملک کی کامیابی ہے ۔