وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت این آئی اوکے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

 
0
524

اسلام آباد ،دسمبر21(ٹی این ایس): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے فعال عنصر کی حیثیت سے سمندر کا ہماری زندگی میں اہم کردار ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشینو گرافی (این آئی او)کے بورڈ آف گورنرز کے ساتویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور بورڈ کی نائب چیئر مین یاسمین مسعود اور بورڈ کے دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل این آئی او ڈاکٹر آصف انعام نے اجلاس کو سمندری وسائل کی ترقی کے حوالے سے ادارے کی جانب سے مختلف جاری پروگرامز سے متعلق مجموعی سائنٹفک پیشرفت کے بارے میں بریف کیا۔بورڈ کو این آئی او کی جانب سے کوسٹل میرین ریسرچ پروگرام اور آف شور ایکو سسٹمز،میرین ڈیبریز،کوسٹل ہائیڈرالک،جیالوجی/جیو فزکس،میرین پالوشن مانیٹرنگ اور میرین بائیو ٹیکنالوجی فزیکل اینڈ کیمیکل اوشینو گرافی کی مختلفٖ تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

اجلاس کے دوران جاندار اور غیر جاندار وسائل سے متعلق چین اور دیگر ممالک کے ساتھ بین الاقوامی پروگرامز بھی زیر بحث لائے گئے۔ وفاقی وزیر نے اوشن سائنس کے شعبے میں این آئی او کے سائنسدانوں کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل این آئی او کو ساحلی علاقوں میں پلاسٹک اور کچرے کے ڈھیروں سے متعلق معاملات کو حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے فعال عنصر کی حٰثیت سے سمندر کا ہماری زندگی میں اہم کردار ہے۔