پولیو سے پاک بلوچستان کا خواب تکمیل کے قریب ہے جس میں ہم سب کی کوششیں شامل ہیں،نواب ثناء اللہ خان زہری

 
0
376

کوئٹہ ،دسمبر21(ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک بلوچستان کا خواب تکمیل کے قریب ہے جس میں ہم سب کی کوششیں شامل ہیں۔ جن علاقوں میں لوگ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے کتراتے ہیں میں خود ذاتی طور پر جاکر ان کو قائل کرونگا تاکہ اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے ان سے جمعرات کے روزیہاں ملاقات کی۔

صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو، چیف سیکرٹری بلوچستان اونگزیب حق، حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ بھی موجود تھے۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، محکمہ صحت اور دیگر انتظامیہ کی پولیو وائرس کے تدارک کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے جو اہداف مقررکیے گئے تھے ان پر کامیابی سے کام جاری ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ کوئٹہ زون اور افغانستان سے ملحقہ اضلاع میں پولیو ویکسینیشن کے عمل کو مربوط طریقے سے جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ملحقہ علاقوں بلخصوص مہاجرین اور خانہ بدوش جو ہجرت کر کے آتے ہیں ان کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیووائرس اور بچوں سے متعلق دیگر امراض کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

موجودہ حکومت محکمہ صحت اور دیگر عالمی اداروں کو پولیو کے خاتمے کے لئے ہر طرح کی معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنا کام بھرپور طریقے سے انجام دے سکیں۔ گذشتہ دنوں ژوب سے پولیوکیس سامنے آنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ کیس کی مکمل تحقیق جاری ہے،اس سلسلے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میںلائی جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو ہر قیمت پر پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا ہے اور اس سلسلے میں اگر مجھے ذاتی طور پر لوگوں کے پاس جانا پڑا تو بھی میں جاؤں گا۔ انہوں نے یقین دلایاکہ پولیو کے تدارک کے لئے حکومت اورمتعلقہ ادارے اور انتظامیہ اپنا کردار مزید بہتر انداز میں سرانجام دیں گے۔ جس پروزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔