گورنر سندھ محمد زبیر کی لندن میں برطانوی وزراء سے ملاقات

 
0
302

کراچی ،دسمبر21(ٹی این ایس): گورنر سندھ محمد زبیر سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے ایشیاء اینڈ پیسیفک Mr.Mark Field اور وزیر برائے تجارتی پالیسی Mr.Greg Hands اور پاکستان کے لئے تجارتی نمائندے رحمن چشتی نے لندن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت اور دیگر معاشی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے وزراء کو اپنے دورہ برطانیہ کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو جاگر کرنے میں برطانوی وزراء اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں اور تاجروں کو برطانیہ کے مختلف شہروں میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے ، برطانیہ میں پاکستانی مصنوعات کا 9 فیصد حصہ درآمد ہو تا ہے جسے مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں ، دو طرفہ تعلقات میں برطانوی کردار قابل تحسین ہے اس ضمن میں برطانیہ کو مزید سرمایہ کاری ، تجارت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کو پروان چڑھانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات فطری ہیں ، کئی دہائیوں پر محیط دو طرفہ تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں لیکن پاکستان برطانیہ سے مزید مستحکم تعلقات کے فروغ کا خواہش مند ہے اس ضمن میں سرمایہ کاری ، تجارت اور دیگر معاشی سرگرمیاں اہم ثابت ہو سکتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے جس سے خطہ سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن کے لئے پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا لیکن پاکستان کے کردار کو دنیا نے اس حساب سے اہمیت نہ دی جو کہ اس کا حق تھا ، غربت اور بے روزگاری ہی دہشت گردی کو جنم دیتی ہے اس ضمن میں حکومت نے امن و امان کے قیام کے بعد معاشی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ، حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی کے باعث ہر شعبہ سے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے روزگار کے مواقع دستیا ب ہو رہے ہیں لیکن پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کی مزید ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کے پرکشش اہمیت رکھتا ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور نوجوان ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے آئیڈیل درجہ رکھتی ہے ، کراچی میں طویل عرصہ سے کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں نہ صرف شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کررہی ہیں بلکہ مزید سرمایہ کاری میں بھی بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے سرمایہ کاروں کے لئے پورے ملک میں وسیع مواقع دستیاب ہیں ، تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، زراعت اور توانائی سمیت دیگر شعبے ایسے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے فوری نتائج یقینی ہیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، معاونت اور مدد بھی فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں پاک برطانیہ مضبوط اور مستحکم تعلقات سے خطہ سے غربت ، بے روزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ یقینی ہے، سی پیک سے کراچی عالمی تجارت میں مرکزی منڈی بن جائے گا جہاں سے وسط ایشیا سمیت دنیا کے دیگر ممالک تک تجارتی سرگرمیاں شرو ع ہو سکیں گی ۔

ملاقات میں برطانوی وزراء نے گورنر سندھ کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پر امن پاکستان برطانیہ کے وسیع تر مفاد میں ہے ، پاکستان سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ، برطانوی سرمایہ کار Belt and Road Initiative(BRI) اور سی پیک میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ، مضبوط اور مستحکم تعلقات کے لئے برطانیہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔