اسلام آباد اکتوبر 8(ٹی این ایس)غلاف کعبہ ،پردہ باب الکعبہ، خانہ کعبہ کے دروازے کی نئی اور پرانی کنجیاں اور غلاف روضہ رسولۖ سمیت ڈیڑھ سو سے زائد مقدس اسلامی تبرکات کی نمائش وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے معروف تجارتی مرکز سینٹورس مال میں جاری ہے۔سعودی سفارتخانے کی خصوصی دعوت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ نے نمائش کا دورہ کیا،وہاں پر موجود سعودی سفارتخانے اور المغربی میوزیم کے اہلکاروں نے سینٹر رحمان ملک کو بریفنگ دی۔
اسلامی نوادرات دیکھنے کے بعد رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مضبوط تعلقات پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ ہیں کسی دوسرے ملک کے ساتھ نہیں ہیں اور ان اسلامی نوادرات کی پاکستان میں نمائش اس کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مقدس تبرکات کو دیکھ کر سکون مل جاتا ہے،اگر کسی کاخانہ کعبہ کو دیکھنے کا ارمان پورا نہ ہوا ہو وہ یہاں آ کر اپنی آنکھوں کو ٹھنڈا کر سکتا ہے ۔
انڈین ائیر چیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارت سن لے ہم کسی کے سامنے نہ جھکنے والے ہیں نہ ڈرنے والے ہم اپنی قوم کی حفاظت کے لئے ہمہ تن تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دائیش کو بنانے والا مغرب ہے ہیلری کلنٹن خود مان چکی ہے کہ القاعدہ کو ہم نے بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنا رویہ بدلنا ہوگااور پاکستان کی قربانیوں کو ماننا ہو گا،پر عجب بات ہے کہ امریکہ طوطا بن کر بھارت کی زبان بول رہاہے۔