صوابی ،دسمبر21(ٹی این ایس): خیبر پختونخوا کے گورنر، انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے ضلع صوابی میں قائم کرنل شیر خان کیڈٹ کالج کی کامیابیوں کو سراہتے ہو ئے کہا ہے کہ اپنے ہم عصر اداروں کی صف میں نیا ہو نے کے با وجود اس ادارے کی بحیثیت مجموعی کارکردگی متاثر کن ہے،مستقبل میں اس کالج کی تیزی کیساتھ کامیابی کے زینے طے کرنے کے بھی واضح امکانات محسوس ہوتے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی کے کیمپس میں منعقدہ ادارے کی پانچویں یوم والدین و تقسیم انعامات تقریب میں بحیثیت مہمان خصو صی خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر بعض تعلیمی اداروں کے سربراہان، علاقے کے معززین اور کیڈٹس کے والدین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں میڈلز و انعامات کیے۔گورنر نے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ ان کی کامیابیاں ان کے اساتذہ کی محنت اور والدین کی قربانیوں، دعاؤںاور اخلاص کا صلہ ہیں، اس باوقار ادارے کے شاندار تعلیمی ماحول میں ان کی عمدہ تربیت ممکن ہوئی ہے ،یہی درحقیقت انہی نہیں بلکہ ان کے والدین، اس ادارے اورملک وقوم کا بھی قیمتی اثاثہ ہے۔
گورنر نے کیڈٹس کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائیں بلکہ نظم وضبط اورقومی اقدار کے حصول کیلئے بھی انتھک محنت کریں؛اپنی کامیابیوں کا معیار برقرار رکھیں اور مستقبل میں اپنے آپ کو وطن عزیز پاکستان کے اہل قائد ثابت کریں۔گورنر نے قبل ازیں کیڈٹس کا مارچ پاسٹ، ڈرل اورجمناسٹک کے مظاہرے دیکھے ،خا ص طور پر شیرین سکواڈ کی کارکردگی کومثالی قرار دیتے ہو ئے خصوصی مبارکباد دی۔گور نر نے کہا کہ اس سے کیڈٹس کی کردار سازی ،نظم وضبط اورجسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کا بھی اظہار ہوتاہے۔ انہوں نے کرنل شیرخان کیڈٹ کالج کی ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 5 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا جبکہ بینڈ پارٹی کیلئے 2لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔













