عمران خان کا الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کا عمل 90روز میں مکمل کر نے کا مطالبہ

 
0
354

اسلام آباد22(ٹی این ایس):پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کا عمل 90 روز میں مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ سیاسی خلاء کے باعث ملک میں گورننس کا نظام تتر بتر ہے اور آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا پابند ہے ٗ لہذا الیکشن کمیشن کو پورا عمل 90 روز (3 ماہ) میں مکمل کرنا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مختلف حیلے بہانوں سے انتخابی عمل میں تاخیر بالکل گوارا نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ رواں ماہ 19 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی مکمل حمایت کے ساتھ سینیٹ نے 24ویں آئینی ترمیم منظور کی تھی جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پابند کیا گیا کہ 2018ء کے الیکشن قومی اسمبلی کی نشستوں کی نئی تقسیم کے مطابق کرائے جائیں جس کیلئے 2017ء کی مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا کام ابھی ہونا ہے۔آئینی ترمیم کی وجہ سے صوبوں کے درمیان قومی اسمبلی کی نشستوں کے حصے کی ری ایلوکیشن مردم شماری 2017ء کے نتائج کے مطابق ہو چکی ہے۔اب نئی مردم شماری کے مطابق اور قومی اسمبلی کی نشستوں کی ری ایلوکیشن کے تحت، الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا کام کرنا ہے جس کے بعد آئندہ انتخابات ہوں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کو توقع ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام اپریل 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔