سی ویو پرپولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے کار سوار شخص کی شناخت ہوگئی ، ملزم سندھ ہائیکورٹ کا وکیل نکلا،نمبر پلیٹ جعلی لگارکھی تھی 

 
0
349

کراچی، دسمبر 22 (ٹی این ایس):کراچی کے علاقے سی ویو پرپولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے کار سوار شخص کی شناخت ہوگئی ہے ، ملزم سندھ ہائیکورٹ کا وکیل ہے جس نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگارکھی تھی۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ظافر قتل کیس کے اگلے دن دس دسمبر کو درخشاں تھانے کے پولیس اہلکار ایس ایچ او کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر کھڑے تھے کہ اسنیپ چیکنگ کے لئے ایک اسپورٹس کار کو روکا۔پولیس اہلکاروں کی اس جرات پر کار میں سوار شخص آپے سے باہر ہوگیا اور اور انتہائی بد سلوکی کا مظاہرہ کیا اور ایس ایچ او کو کھری کھری سناتے ہوئے اسپورٹس کار پر فراٹے بھرتا ہوا چلتا بنا۔مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ تم لوگ کرپٹ سیاست دانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہو اور مجھ پر الزام لگاتے ہوکہ میں ریس لگا رہا تھا، تم لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔واقعے کو ایک ماہ گزرنے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے باعث تحقیق کرنے پر پتاچلاکہ پولیس سے بدسلوکی کرنے والا شناخت شمس الاسلام ہے ، خواجہ شمس الاسلام نامی یہ شخص سندھ ہائی کورٹ کا وکیل ہے۔ذرائع کے مطابق شمس الاسلام کی کروڑوں روپے مالیت کی اس اسپورٹس کار کا نمبرآر8 تھا جو جعلی نمبر ہے، شہر کراچی میں چلنے والی 80 فیصد مہنگی گاڑیاں غیررجسٹرڈ ہوتی ہیں یا ان کی نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔