کراچی ،دسمبر 22 (ٹی این ایس): وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش اور بے تاب ہیں، میں چاہتا ہوں بین الاقوامی کرکٹ کراچی میں واپس آئے اور ہر لحاظ سے اس ایونٹ کو تاریخی بناں گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعلی ہاؤس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات دوران کہی۔ملاقات میں پی ایس ایل تھری فائنل کے کراچی میں انعقاد کے حوالے سے معاملات زیر غور ااور میچ کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ انکی سکیورٹی ٹیم بھی موجود تھی جبکہ آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ ،سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ڈپٹی ڈی جی رینجرز برگیڈیئر ناصر ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی مشتاق مہر،کمشنر کراچی اعجاز علی خان و دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔ وزیر اعلی سندھ نے چیئرمین پی سی بی کو کراچی میں پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور کہا کہ وہ ہر لحاظ سے پی ایس ایل تھری کو تاریخی بنائیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی کے امن کو بحال کرنے میں آپ کا کلیدی کردار رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس اورڈپٹی ڈی جی رینجرز کو فل ڈریس سکیورٹی ریہرسل کا حکم دیا اور کہا کہ فل ڈریس ریہرسل کرکٹ میچز کیلئے بین الاقوامی اعتماد پیدا کرے گی۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اگلے30 روز کے اندر اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کا اعتماد بھی مزید بہتر ہوگا ۔ انہوں نے کہا میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں دو اہم ایونٹ کی کامیابی کے ساتھ فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے ان میں سیدنا مفضل سیف الدین کی محرم کی مجالس، دوسرہ پرنس کریم آغا خان کا دورہ ہے اور اب یہ ایونٹ بھی بہت زیادہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگا۔ نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ وہ چند آرمڈ وہیکلز یا بلٹ پروف گاڑیاں کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم لانے کے لئے استعمال ہوں گی کا انتظام کریں اس پر وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس کو دو بلٹ پروف بکتربند بسیں خریدنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بکتربند بسوں کا معیار بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو پی سی بی کی سکیورٹی ٹیم کے ساتھ اس حوالے سے ضروری مشاورت کرنے کہ بھی ہدایت دی۔ وزیراعلی سندھ نے نجم سیٹھی سے کہا کہ ہم کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ واپس لانا چاہتا ہوں اس کے لئے ہم جو آپ چاہیں گے وہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ اسٹیڈیم کی مرمت کا کام جاری ہے۔ اس پر آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ نے مشورہ دیا کہ ایس ایس پی سکیورٹی کو بھی پی سی بی کی ٹیم میں شامل کیا جائے جوکہ مرمتی کام کے ذمہ دار ہونگے۔ ایس ایس پی سکیورٹی نے ورک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، خارجی اور داخلی پوائنٹس کی سکیورٹی کی ضروریات کے تحت تعمیر کی تجویز دی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سکیورٹی کو مرمتی کام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا فائنل میچ 25 مارچ 2018 کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ، اس سلسلے میں تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں۔ نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ کی کراچی میں امن کی بحالی کی کاوشوں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنا فرض بخوبی اور کامیابی کے ساتھ ادا کیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ اور پی سی بی کی ٹیم کو مزید فیصلوں کے لئے آپس میں قریبی روابط کی ہدایت کی۔