روہت شرما کی ریکارڈ ساز سنچری، ٹی ٹونٹی کی تیز ترین سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی

 
0
306

اندور،دسمبر 23 (ٹی این ایس):  روہت شرما کی ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 88 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روہت شرما اور لوکیش راہول نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، شرما نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ طور پر ٹی ٹونٹی کی تیز ترین سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، راہول 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18ویں اوور کی دوسری گیند پر 172 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کوسل پریرا اور اپل تھرنگا نے کافی فائٹ کی تاہم ٹیم کو فتح نہ دلا سکے، پریرا 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، آئی لینڈرز کی 17 رنز پر آخری 7 وکٹیں گریں، چاہل نے 4 وکٹیں لیں، روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمعہ کو انڈور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن قائد تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت تو بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 260 رنز بنائے، روہت شرما اور لوکیش راہول نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 12.4 اوورز میں 165 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، شرما نے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، 243 کے سکور پر راہول 89 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ہرڈک پانڈیا 10 رنز بنا کر چلتے بنے، دھونی 28 اور شری یاس آئر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، کارتھک 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، پریرا اور فرننڈو نے دو، دو اور چمیرا نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 36 کے سکور پر سری لنکا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈکویلا 25 رنز بنا کر اندکت کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر اپل تھرنگا اور کوسل پریرا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 109 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 145 تک پہنچایا، یہ پارٹنرشپ بھارت کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر چاہل نے تھرنگا کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، تھرنگا 47 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اگلے اوور میں کلدیپ یادیو نے کوسل پریرا اور تھسارا پریرا کو آئوٹ کر کے آئی لینڈرز کی جیت کی ساری امیدیں ختم کر دیں، کوسل پریرا 37 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور 17 رنز پر اس کی آخری 7 وکٹیں گریں، کپتان تھسارا پریرا، گونارتنے صفر، سمارا وکراما اور دانن جایا 5، 5 ڈی سلوا ایک اور چمیرا 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، چاہل نے 4، کلدیپ یادیو نے 3 پانڈیا اور اندکت نے ایک، ایک وکٹ لی۔