پاکستان پرامن بقائے باہمی میں یقین رکھتا ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کوہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، وزیراعظم

 
0
421

اسلام آباد دسمبر 23(ٹی این ایس):وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ملکوں سے پر امن بقائے باہمی اصول پر یقین رکھتا ہے تاہم قیام امن کیلئے پاکستان کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے۔وہ پاکستان نیول اکیڈمی منوڑا میں 108 ویں مڈشپ مین اور 17ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم اس تقریب کے مہمان خصوصی مہمان تھے، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد صرف آپریشن نہیں بلکہ پاکستان کی امن کی خواہش کا اظہار ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کے دوران پاس آؤٹ ہونے والے ہوئے کیڈٹس اور افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سمندروں کے محافظ کے طورپرآپ کوقوم کی توقعات پرپورا اترنا ہوگا اورپاک بحریہ کومزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل فراہم کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیڈٹس کا اعتماد ملک کے مضبوط دفاع کی علامت ہے، کیڈٹس نے پاکستان کے نظریے اورسرحدوں کا دفاع کرنا ہے، ملکی دفاع میں پاک بحریہ انتہائی موثرکردارادا کررہی ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔وزیرپاک بحریہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بحری فوج ہر دم تیار ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملکوں سے پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے جب کہ قیام امن کیلئے پاکستان کی کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاک بحریہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہردم تیارہے، ضرب عضب، آپریشن ردالفساد دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کااعادہ ہے جبکہ خطے کے عوام ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نیوی سی پیک سمیت ملک کے تمام بحری مفادات کے تحفظ کیلئے پر عزم اور پوری طرح چوکنا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بحری سیکورٹی مزید اہمیت اختیار کرگئی ہے۔پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ میں 108ویں مڈشپ مین اور 17ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں کل 129 افسران پاس آؤٹ ہوئے۔پاس آؤٹ ہونے والوں میں 57 پاکستانی جبکہ 46 برادر ممالک کے افسران بھی شامل ہیں۔ ان دوست ممالک میں بحرین ٗاردن، قطر، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں۔تقریب میں مڈشپ مین سید ارتضیٰ حیدر نقوی کو اعزازی شمشیر جبکہ آفیسر کیڈٹ دایان احمد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو بھی انعامات سے بھی نوازا گیا۔پاکستان نیول اکیڈمی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اب تک دوست ممالک کے 2200 سے زائد افسران یہاں سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔۔