فیصل آباد۔26 دسمبر(ٹی این ایس) محکمہ داخلہ کی ہدایت پر حکومتی احکامات کی روشنی میں فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے تمام شہروں میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن وامان کی فضا برقرار رکھنے اور نوجوانوں کی طرف سے ہلڑ بازی کے ذریعے شہریوں کے سکون کوتباہ کرنے کے تدارک کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت مختلف پابندیاں عائد کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے جس کے تحت سڑکوں ،شاہراہوں،تفریحی مقامات اور عوامی جگہوں پر موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے اور سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے کی ممانعت ہوگی جبکہ ہوائی فائرنگ و آتش بازی کرنے اورکھلے عام ہر قسم کا اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی کے علاوہ ڈیک یا ٹیپ ریکارڈر کے ذریعے اونچی آواز میں گانے بجانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فیصل آباد کی ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایاجائیگااور قانون شکنوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔