محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت دہشتگردوں کے ہاتھوں ایک بڑا قومی نقصان تھا‘طاہرالقادری

 
0
366

لاہور دسمبر 26(ٹی این ایس )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت دہشتگردوں کے ہاتھوں ایک بڑا قومی نقصان تھا،محترمہ پوری دنیا میں پاکستان کی سیاسی شناخت تھیں ،محترمہ کا سیاسی سفر امن، ترقی اور استحکام پر مشتمل تھا۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ محترمہ کے ہمراہ مشترکہ سیاسی جدوجہد کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں اورمرکزی سیکرٹریٹ میں ان کا آنا جانا رہتا تھا ، محترمہ بینظیر بھٹو ایک وضع دار ،ملنساراور ایک منجھی ہوئی باوقار سیاستدان تھیں ۔ انہوں نے حقیقی جمہوریت کے قیام اور فروغ کیلئے کٹھن جدوجہد کی اور اس جدوجہد کے دوران ان کی قربانیاں سیاسی تاریخ کا حصہ ہیں۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی نے پاکستان اور اس کے سیاسی ،معاشی ،سماجی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم اور سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دلی دعا ہے اللہ رب العزت محترمہ بینظیر بھٹو کے درجات بلند کرے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے منظورہونے والی قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی ، انہیں شہریت دینے اور فی الفور فوجی آپریشن اور ریاستی تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر بھاری اکثریت سے منظور ہونے والی قراردادوں پر عملدرآمد سے عالمی سطح پر امن اور سیاسی استحکام آئے گا اور عالمی ادارے کے یو این کے وقار میں بھی اضافہ ہو گا۔